گلبرگہ24؍جون( اعتماد نیوز): عراق میں مغویہ ہندوستانیوں کو رہا کرنے کے ضمن میں این ڈی اے حکومت کی موجودہ وزیر خارجہ سشما سوراج کے مقابلہ میں سابقہ یو پی اے حکومت کے مملکتی وزیر خارجہ الحاج ای احمد قومی صدر انڈین یونین مسلم لیگ نے بہترین و قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا تھا۔ اس خیال کا اظہار مولانا محمد نوح ریاستی سیکریٹری انڈین یونین مسلم لیگ کرناٹک نے کیا ہے ۔ اُنہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سشما سوراج نے40مغویہ ہندوستانیوں کو رہا کرنے کے معاملہ میں جوموقف اختیار کیا ہے وہ ہر گز قابلِ اطمینان نہیں ہے ۔
جبکہ الحاج ای احمد نے مغویہ5سکھ ہندوستانیوں کی رہائی کے لئے خود عراق پہنچ گئے تھے ۔ اور اُنہوں نے وہاں کے نیوز چینلس پر اغوا کاروں کو مخاطب کرتے ہوئے ایسی اثر انگیز اپیل کی کہ اغوا کاروں نے مغویہ تمام 5سکھوں کو رہا کردیا ۔ الحا ج ای احمد نے کیرلا کے ایک ہندوستانی شہری کو سعودی حکومت کی جانب سے دی گئی سزائے عمر قید کو معاف کرانے میں بھی اہم رول ادا کیا تھا، مولانا محمد نوح نے مزید کہا ہے کہ الحاج ای احمد نے بہترین سفارتی خدمات انجام دیتے ہوئے ہندوستان کے اسلامی ممالک سے بہتر و خوشگوار روابط قائم کرنے میں کامیاب ہوئے تھے ۔